لاڈلے پر دہشت گردی کی دفعات تھیں پھر بھی استثنیٰ مل گیا، مریم اورنگزیب

لاڈلے پر دہشت گردی کی دفعات تھیں پھر بھی استثنیٰ مل گیا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی تشدد کیس میں لاڈلے پر دہشت گردی کی دفعات تھیں جس پر اسے استثنیٰ مل گیا لیکن ایک شوہر کو بیوی کی عیادت کے لئے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک عدالت میں اُسے استثنیٰ نہیں دیا جا رہا جو ہفتے میں تین تین دن پیش ہو رہا ہے اور ساتھ والی عدالت سے لاڈلے کو استثنیٰ مل گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: میمو گیٹ اسکینڈل میں زرداری کیخلاف نہیں جانا چاہیے تھا، نواز شریف کا اعتراف

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شوہر اور بیٹی کلثوم نواز کی عیادت کے لئے جانا چاہتے ہیں مگر اجازت نہیں دی جا رہی اور جس پر دہشت گردی کے مقدمات ہیں وہ استثنیٰ حاصل کر لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ زرداری صاحب کا نیب کورٹ سے ریکارڈ غائب ہوا اور وہی نیب اس پر ریفرنس کے ریفرنس بنا رہی ہے جس کے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: آج تک کسی گواہ نے آ کر نہیں کہا ہم نے کرپشن کی، مریم نواز

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج بھی جو صندوق بھر کر لائے جا رہے ہیں ان میں کچھ نہیں، ایک دفعہ وزیر اعلیٰ اور 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے کے خلاف کرپشن کا ایک ثبوت نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جھوٹوں کے دورے پڑتے ہیں جبکہ 2013 سے اب تک ان کا جھوٹ اور الزامات کا وطیرہ نہیں بدلا جب کہ خیبرپختونخوا میں کسی اسپتال اور اسکول کی حالت زار بہتر نہیں کی جا سکی۔

یاد رہے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایس ایس پی تشدد کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں