وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس جاری

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس جاری
کیپشن: سابق آئی ایس آئی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کی متنازع کتاب کا معاملہ بھی زیرِ غور آنے کا امکان۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں ملکی سلامتی اور سرحدی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ سابق آئی ایس آئی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کی متنازع کتاب کا معاملہ بھی زیرِ غور آنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فاٹا اصلاحات بل منظوری کے بعد عمل درآمد امور کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ افغانستان کی جانب سے بعض تحفظات کے امور بھی زیرغور آنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کوسبق سکھانے کیلئے مجھے کیس میں گھسیٹا گیا، مریم نواز

اعلی سطح ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت مسلح افواج کے سربراہان، کمیٹی کے ممبر وفاقی وزراء اور سینئر عسکری و سول حکام شریک ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) اسد درانی کو حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب 'دی اسپائے کرونیکلز' میں ان سے منسوب خیالات کی وضاحت کے لیے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) طلب کیا گیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل کی سربراہی میں کورٹ آف انکوائری تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ جنرل (ریٹائرڈ) اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے مجاز اتھارٹی سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔ جس کے بعد وزارت داخلہ نے اسد درانی کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی اگست 1990 سے مارچ 1992 تک آئی ایس آئی کے سربراہ رہے ہیں۔ انہوں نے سابق 'را' چیف اے ایس دلت کے ساتھ مل کر ایک کتاب 'دی اسپائے کرونیکلز، را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس' لکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مجھے نظر نہیں آتا کہ لوگ دھرنے دینے والوں کو ووٹ دیں گے، وزیراعظم

کتاب میں جن معاملات پر روشنی ڈالی گئی۔ اُن میں کارگل آپریشن، ایبٹ آباد میں امریکی نیوی سیلز کا اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کا آپریشن، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری، حافظ سعید، کشمیر، برہان وانی اور دیگر معاملات شامل ہیں۔

اس کتاب کی رونمائی گزشتہ دنوں بھارت میں کی گئی تاہم نئی دہلی میں ہونے والی تقریب میں شرکت کے لیے اسد درانی کو بھارت کا ویزہ بھی نہیں ملا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں