2020 میں وکی پیڈیا پر سب سے زیادہ کیا پڑھا گیا ؟

2020 میں وکی پیڈیا پر سب سے زیادہ کیا پڑھا گیا ؟

نیویارک: وکی  پیڈیا پر 2020 میں سب سےزیادہ پڑھے جانے والے مضامین میں امریکی انتخابات اور کورونا وائرس چھائے رہےہیں ۔ 

رواں سال کورونا وبا کے پیج کر آٹھ کروڑ تیس لاکھ سے زائد مرتبہ پڑھا گیا ، جبکہ امریکی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیج کا پانچ کروڑ چون لاکھ سے زائد افراد نے رخ کیا ۔

2020 میں کتنے لوگ جان کی بازی ہارگئے اس کی معلومات حاصل کرنے کے لیے چار کروڑ 22 لاکھ باسٹھ ہزار سے زائد افراد نے دلچسپی دکھائی.

وکی پیڈیا پر سب سےزیادہ پڑھے جانے والے مضامین میں کمالا ہیرس اور جو بائیڈن کا چوتھا اور پانچواں نمبر رہا ۔ کورونا وائرس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننے کے لیے اس سال 2 کروڑ 29 لاکھ 57ہزار نے وکی پیڈیا سے مدد لی  اور یوں یہ سب سے زیادہ پڑھے جانے والے مضامین میں چھٹے نمر پررہا ہے ۔

امریکی لیجنڈ باسکٹ بال پلئیر کوبی برائنٹ رواں برس پیلی کاپٹر کے حادثے میں اپنی بیٹٰی کے ہمراہ ہلاک ہوگئے تھے ۔سال بھر میں تین کروڑ 28 لاکھ تریسٹھ ہزار افراد نے ان کے بارے میں جاننے کے لیے وکی پیڈیا کا رخ کیا ۔


این اے 65چکوال: مسلم لیگ ق کے امیدوار چوہدری سالک حسین جیت گئے،غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

این اے 65چکوال: مسلم لیگ ق کے امیدوار چوہدری سالک حسین جیت گئے،غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

چکوال :غیر حتمی غیر سر کاری نتائج کے تحت مسلم لیگ ق کے امیدوار چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین جیت گئے۔ 


تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات کے جاری کردہ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے تحت این اے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ق لیگ کے امیدوار چوہدری سالک حسین نے98 ہزار 364 ووٹ لیے اور کامیاب ٹھہرے جبکہ ان کے مقابلے میں تحریک لبیک کے امیدوار یعقوب سیفی نے  34 ہزار 822 ووٹ حاصل کیے۔

اس طرح پہلے غیر حتمی نتیجہ کے مطابق حلقہ این اے 65 سے ق لیگ کے چوہدری سالک حسین جیت گئے ہیں ۔


ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگیا

ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگیا

لاہور: ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم، 11 قومی اور 24 صوبائی نشستوں پر ووٹنگ ہوئی, ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا، گنتی کا آغاز ہوگیا۔


تفصیلات کے مطابق نتائج کیلئے ایک بار پھر آر ٹی ایس کا استعمال ہو رہا ہے، الیکشن پُرامن رہے، بدانتظامی کے اکا دکا واقعات پیش آئے، پہلی بار ووٹ کا حق ملنے پر سمندر پار پاکستانیوں کی زبردست دلچسپی دیکھنے میں آئی۔

امریکا، کینیڈا، برطانیہ، سعودیہ، یواے ای، قطر، آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک سے پاکستانیوں نے ووٹ ڈالے۔ وزیراعظم عمران خان نے این اے 53 اسلام آباد میں ووٹ کاسٹ کیا۔ نواز شریف نے ریلوے روڈ ٹیکنالوجی کالج پولنگ اسٹیشن پہنچ کر ووٹ کاسٹ کیا، ان کی والدہ بیگم شمیم اختر اور بیٹی مریم نواز نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی بھی شریف فیملی کے ہمراہ تھے۔


این اے 53 :تین آزاد امیدواران تحریک انصاف کے حق میں دستبردار

 این اے 53 :تین آزاد امیدواران تحریک انصاف کے حق میں دستبردار

اسلام آباد :وفاقی دارالحکومت میں 3 آزاد امیدوار تحریک انصاف کے حق میں پولنگ  کے روز  دستبردار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق تینوں امیدواران قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے ضمنی انتخاب لڑ رہے تھے۔اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 سے 3 آزاد امیدواران نے تحریک   انصاف کے حق میں  الیکشن کے روز دست برداری کا اعلان کر دیا جن میں نادر منیر، زبیر گجر اور محمد سعید شامل  تھے ۔

آزاد امیدواران پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار  علی نوازاعوان پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے دست بردار ہوئے۔


تحریک انصاف کو پورا موقع دیں گے کہ وہ عوام کے ساتھ کیے ہوئے وعدوں کو پورا کر سکے, سینیٹر سراج الحق

تحریک انصاف کو پورا موقع دیں گے کہ وہ عوام کے ساتھ کیے ہوئے وعدوں کو پورا کر سکے, سینیٹر سراج الحق

لاہور:  امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ہم منفی سیاست کے قائل نہیں ہم تحریک انصاف کو پورا موقع دیں گے کہ وہ عوام کے ساتھ کیے ہوئے وعدوں کو پورا   کر سکے۔ ہم منتظر ہیں کہ عمران خان پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کے لیے قدم بڑھائیں، سود کا خاتمہ کریں اور معیشت کو آئی ایم ایف کے چنگل سے آزاد   کرائیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا  کہ الیکشن پر بیس ارب روپے خرچ کرنے کے بعد بھی الیکشن کمیشن بااعتماد اور شفاف الیکشن کروانے میں ناکام رہا۔ اب تو چیف جسٹس صاحب کا بھی پیمانہ صبر لبریز ہو گیاہے اور انہوں نے کہاہے کہ چیف الیکشن کمشنر سو رہاتھا ۔ 48 گھنٹوں کے بعد بھی ریٹرننگ آفیسر ز پوچھ رہے تھے کہ رزلٹ کا اعلان کریں یا نہ کریں۔ پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا گیا اور کسی حلقے میں بھی پورے فارم 45 مہیا نہیں کیے گئے جس سے پورے الیکشن پر اسس پر عوام کا اعتماد ختم ہوا۔ اب تو پردے میں کوئی چیز نہیں رہی۔

ان کا کہنا تھا کہہماری خواہش ہے کہ ہمارے ادارے متنازع نہ بنیں اورقومی ادارے رہیں ۔  جب ادارے سیاست میں دخل دیتے ہیں تو اس کا نقصان خود ان اداروں کو ہوتاہے۔ جماعت اسلامی نے پارلیمنٹ میں جانے کی تجویز دی جسے تما م جماعتوں نے قبول کیا ۔ کچھ لوگوں کا خیال تھاکہ ہمیں گرم احتجاج کی طرف جانا چاہیے مگر ہم نے مارشل لاء کا راستہ روکنے اور ملک کو 77ء جیسی صورتحال سے بچانے کے لیے پارلیمنٹ جانے کا فیصلہ کیا ۔ پارلیمنٹ کی حقیقی بالادستی اور قانون کی حکمرانی سے ہی ملک ترقی کے راستے پر چل سکتاہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ فیصلے رات کے اندھیروں کی بجائے دن کی روشنی میں ہوں ۔ عوام کی اجتماعی سوچ پر اعتماد کریں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا ۔

سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ یہاں سیاست آزاد نہیں عالمی اسٹیبلشمنٹ کی غلام ہے اور عالمی سامراج دنیا میں کسی بھی جگہ اسلام کو آگے بڑھتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا یہی وجہ ہے کہ مصر ، فلسطین سمیت کئی ملکوں میں جمہوری طریقے سے عوامی تائید کے ذریعے آنے والوں کو بھی عالمی اسٹیبلشمنٹ نے قبول نہیں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ملک کی تمام دینی قوتوں کو متحد کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے اگر دینی جماعتوں کو ملنے والا پچپن لاکھ ووٹ یکجا ہوتا تو آج دینی قوتوں کے نمائندے بڑی تعداد میں پارلیمنٹ میں ہوتے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم اسلام کو مسجد تک محدود رکھنے کے مغرب کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم اسلام کو ہر شعبہ زندگی میں چلتا پھرتا اور غالب دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ وقت ضرور آئے گا جب پاکستان واقعی ایک اسلامی فلاحی ریاست بنے گا اور یہاں شریعت کا نظام اپنی پوری آن بان کے ساتھ نافذ ہوگا۔


عمران خان نے محمود خان کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نامز د کر دیا

عمران خان نے محمود خان کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نامز د کر دیا

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

اسلام آباد :عمران خان نے وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے نام کا اعلان کردیا، سابق صوبائی وزیر برائے سیاحت محمود خان کو تحریک انصاف کے سربراہ نے خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی کیلئے نامزد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق طویل انتظار کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بالآخر وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے نام کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سابق صوبائی وزیر برائے سیاحت محمود خان کو خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی کیلئے نامزد کردیا ہے۔ محمود خان پی کے 9 سوات سے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔ محمود خان کا نام سابق وزیراعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔

اس سے قبل اطلاعات یہ تھیں کہ عمران خان سابق وزیر تعلیم عاطف خان کو صوبے کا وزیراعلی بنانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔تاہم اب میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عاطف خان کی جگہ محمود خان کو خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی کیلئے نامزد کردیا ہے۔ محمود خان خیبرپختوںخواہ اسمبلی کے پہلے اجلاس میں ہی ممکنہ طور پر وزارت اعلی کے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ میں کلین سوئپ کرتے ہوئے 2 تہائی اکثریت حاصل کر لی تھی۔ یہ پہلا موقع تھا جب کسی سیاسی جماعت نے خیبرپختونخواہ میں ناصرف مسلسل دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کی، جبکہ کلین سوئپ بھی کیا۔ اس سے قبل خیبرپختونخواہ میں یہ کارنامہ کوئی دوسری سیاسی جماعت انجام نہیں دے پائی۔ تاہم خیبرپختونخواہ میں اس تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے باوجود تحریک انصاف وزیراعلی کی نامزدگی کے معاملے میں شدید مشکلات کا شکار رہی۔

25 جولائی کے نتائج کے بعد تحریک انصاف کے کئی رہنما خیبرپختوںخواہ کی وزرات اعلی کے امیدوار بن کر سامنے آئے۔ ان امیدواروں میں پرویز خٹک،، اسد قیصر، شاہ فرمان، عاطف خان اور دیگر شامل تھے۔ تاہم اب عمران خان نے سابق وزیر سیاحت اور کھیل محمود خان کو صوبے کے نئے وزیراعلی کیلئے نامزد کردیا ہے۔


مشکل انتخابات جیتنے پراراکین کو مبارکباد ، پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنائوں گا:عمران خان

مشکل انتخابات جیتنے پراراکین کو مبارکباد ، پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنائوں گا:عمران خان

image by facebook

اسلام آباد:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنائوں گا ، پنجاب کی بھاری ذمہ داری پنجاب سے منتخب نمائندگان پر عائد ہوتی ہے ، وہ لوگوں سے عہد کر کے آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے نو منتخب اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی کاموں کی بھاری ذمہ داری پنجاب سے منتخب ہونے والے اراکین پر ہے۔

مزید پڑھیئے:عمران خان پنجاب ہاؤس میں وزیر اعلیٰ کی اینکسی میں رہیں گے، نعیم الحق
 
 عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کا عہد کیا ہے ، مشکل انتخابات لڑنے پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں ، کے پی میں سب سے آگے تھے اس لیے اصل نظریں پنجاب پر تھیں ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹکٹ دینے کے عمل کو بہتر بنانا ہوگا ، کئی لوگوں کو ٹکٹ نہیں دیئے مگر وہ آزاد جیت گئے ، آزاد اراکین کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتا ہوں۔

مزید پڑھیئے:وزارت داخلہ نے حسن اور حسین نواز کے پاسپورٹ بلاک کر دئیے
 
 
انھوں نے کہا کہ ہم ابھی سے میرٹ پر آئندہ الیکشن کی تیاری کریں گے، چاہتا ہوں پی ٹی آئی ایک ادارہ بنے، آپ سب پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، خیبرپختونخوامیں ہماری دو تہائی اکثریت ہے، پنجاب کی جنگ آپ سب نے لڑنی اور جیتی ہے۔

گذشتہ روز خیبرپختونخواہ کے نو منتخب ارکان سے خطاب کرتے ہوئے عمران‌ خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اور وزرا کی کارکردگی مانیٹرہوگی جو وزیر کارکردگی دکھائے گا، صرف وہ ہی اپنے عہدے پر رہے گا۔


پاکستان تحریک انصاف اور بی این پی مینگل کے درمیان اگلے دو دن میں تحریری معاہدہ ہو جائے گا 

پاکستان تحریک انصاف اور بی این پی مینگل کے درمیان اگلے دو دن میں تحریری معاہدہ ہو جائے گا 

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف اور بی این پی (مینگل) کے درمیان اگلے دو دن میں تحریری معاہدہ ہو جائے گا, عمران خان بلوچستان ہاؤس میں آ  کر اختر مینگل سے ملاقات کریں گے اور دونوں رہنما معاہدے پر دستخط کریں گے.

تفصیلات کے مطابق پاکستان, تحریک انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں, پاکستان تحریک انصاف نے چھ نکات پر آمادگی کا اظہار کر دیا ہے, سینیٹر جہانزیب جمالدینی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمارے چھ نکات تسلیم کر لیے ہیں اب صرف معاہدے پر دستخط باقی رہ گئے ہیں جو اگلے دو دن کے اندر ہو جائیں گے. انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہاؤس میں تحریری معاہدہ کیا جائے گا اور عمران خان اس معاہدے پر دستخط کریں گے جبکہ ہماری جماعت کے سربراہ اختر مینگل بی این پی کی طرف سے معاہدے پردستخط کریں گے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چےئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چےئرمین عمران خان نے بلوچستان نیشنل پارٹی ( مینگل ) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی جانب سے پیش کئے گئے چھ نکات پر اتفاق کر لیا ۔ 

ایک رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کو اختر مینگل کے 6 نکات پر بریف کیا گیا تھا اور عمران خان نے ان نکات پر آمادگی ظاہر کر دی ہے جس کے بعد عمران خان اور اختر مینگل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہو چکا ہے اور جلد اسلام آباد پہنچتے ہی دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہو  گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سردار اختر مینگل کی پارٹی پی ٹی آئی کو ضرور سپورٹ کرے گی جبکہ شاہ زین بگٹی کی جمہوری وطن پارٹی سے بھی حمایت حاصل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے ۔ 


قومی وصوبائی اسمبلیوں کے کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن جاری

قومی وصوبائی اسمبلیوں کے کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن جاری

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 25جولائی 2018کے عام انتخابات کے نتیجے میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کے کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن جاری کردیئے ،سرکاری گزٹ میں ان کا نام شائع کردیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق, پاکستان تحریک انصاف کے نامزد وزیراعظم عمران خان کی کامیابی کے دو حلقوں سے نوٹی فکیشن روک لیے گئے ہیں، دیگر تین حلقوں کو بھی ضابطہ اخلاق سے متعلق زیر التواء کیسز سے مشروط کیا گیا ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق اور پرویز خٹک کی کامیابی کے نوٹی فکیشن بھی مشروط طورپرجاری کئے گئے ہیں۔ عدالتی حکم امتناعی اور دوبارہ گنتی کے احکامات کے پیش نظر قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 30حلقوں کے نوٹی فکیشن روکے گئے ہیں۔ قومی وصوبائی اسمبلیوں کے کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن منگل کو جاری کئے گئے-

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن آف پاکستان میں نئے صدر مملکت کے انتخاب کے حوالہ سے تیاریاں

عمران خان کا این اے 53اسلام آباد سے کامیابی کا نوٹی فکیشن ووٹ کی راز داری ظاہر کرنے ،اسی طرح این اے 131لاہور کا نوٹی فکیشن لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کی وجہ سے روکا گیا ہے جبکہ این اے 35بنوں, این اے 95میانوالی اور این اے 243کراچی سے عمران خان کی کامیابی کے مشروط نوٹی فکیشن جاری کئے گئے ہیں۔ اگست کے وسط میں ضابطہ اخلاق سے متعلق کیس کی سماعت اور اس کے فیصلے سے یہ نوٹی فکیشن مشروط کئے گئے ہیں- پرویز خٹک اور اسپیکر سردار ایاز صادق کی کامیابی کے بھی مشروط نوٹی فکیشن جاری کئے گئے ہیں، ان کے خلاف بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے کیسز زیر التواء ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران امیدواروں کے اخراجات کی تفصیلات جاری کر دیں

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق, پاکستان پیپلزپارٹی اور جی ڈی اے کے ایک رکن کا بھی نوٹی فکیشن روکا گیا ہے۔ اسی طرح سرگودھا کے این اے 90اور 91, این اے 140کوئٹہ کی 271کے نوٹی فکیشن بھی عدالتی معاملات پرروکے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان 11اگست ہفتہ کو جاری کیا جائے گا.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں


میرا مقصد وزیراعظم یا ایم این اے بننا نہیں بلکہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنا ہے،عمران خان

میرا مقصد وزیراعظم یا ایم این اے بننا نہیں بلکہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنا ہے،عمران خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے عمران خان کو وزیراعظم کا باضابطہ امیدوار نامزد کردیا۔مقامی ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ۔اجلاس کے آغاز پر پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پہلے الیکشن میں کامیابی پر پارٹی رہنماوں کو مبارکباد دی۔


 شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرنے کی تحریک پیش کی ،جسے اتفاق رائے سے منظور کرتے ہوئے انہیں وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا گیا ۔ اس موقع پر تمام اراکین نے کھڑے ہو کر چیئرمین تحریک انصاف کو مبارکباد پیش کی اور ہال کچھ دیر تک تالیوں سے گونجتا رہا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیراعظم نامزد کرنے پر پارلیمانی پارٹی کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف آج عمران خان کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کرے گی

بعد ازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ عوام نے ہمیں جس منشور پر ووٹ دیا ہے ،اسے آگے لیکر چلنا ہے، اب ہمیں اپنے مقاصد سے پیچھےنہیں ہٹنا ہے۔عمران خان نے کہا کہ پارٹی کے ابتدائی کارکنوں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ آپ لوگوں نے پارٹی کے لیے بڑی محنت کی ہے۔عمران خان نے کہا کہ میرا مقصد وزیراعظم یا ایم این اے بننا نہیں، بلکہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنے ہیں، ملک مالی طور پر بحران کا شکار ہے اس کو بحران سے نکالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک پاکستانیوں سے رجوع کرینگے۔عمران خان نے کہا کہ آج میرے لیے پروٹوکول لگا دیا , ایسے ملک نہیں چلے گا , اگر تبدیلی نہ لاسکے تو حشر ایم ایم اے اور اے این پی سے بھی برا ہوگا۔

 یہ بھی پڑھیں: خود پروٹوکول نہیں لوں گا اور نہ کسی کو لینے دوں گا، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ کہ سیاست عبادت سمجھ کر کریں، پرانی سیاست ختم کرنا ہوگی۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جس تبدیلی کیلئے 22 سال جدوجہدکی وہ آچکی ہے، اب ملک میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا ہمیں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، ملک میں میرٹ کے نظام کو اپنائیں گے، خیبرپختونخوا کی طرح پورے ملک میں اصلاحات لائیں گے، قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنے ہیں، ملک کو مالی بحران سے نکالنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 1970 میں عوام نے مستحکم سیاسی اشرافیہ کو شکست دی، 70 کی دہائی کے بعد آج عوام نے دو جماعتی نظام کو شکست دی، ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ دو جماعتی نظام میں تیسری جماعت کو موقع ملے۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کے پہلے 6 ماہ انتہائی اہم ہیں، عوام تبدیلی کے لیے نکلے اور اپنا فیصلہ سنایا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق پورے ملک میں جہاں امیدوار کا چہرہ تبدیلی سے نہیں ملتا تھا وہاں عوام نے مسترد کر دیا، مجھ پر آج سب سے بڑی ذمے داری آن پڑی ہے، جدوجہد سے بھرپور زندگی اتار چڑھاو سے عبارت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا عوام نے آپ کو پارلیمان میں بھیجا ہے تا کہ آپ نچلے طبقے کو اوپر اٹھائیں، عوام چاہتے ہیں کہ پارلیمان ان کیلئے قانون سازی کرے، میں فیصلے میرٹ پر اور قوم کے مفاد کےلئے کروں گا، میں آپ سے اسکا تقاضا کبھی نہیں کروں گا جس پر میں خود عمل نہ کروں۔

عمران خان نے کہاکہ عوام ہمیں روایتی سیاسی جماعتوں سے الگ دیکھتے ہیں، میں خود مثال بنوں گا اور آپ سب کو بھی مثال بننے کی تلقین کروں گا، ہماری یہ جدوجہد پاکستان کا مستقبل بدل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزرا کو بھی صحیح معنوں میں جوابدہ بنائیں گے، آپ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں اللہ آپ کو وہ عزت دیگا جس کا تصور بھی ممکن نہیں، آپ نے قوم کا پیسہ بچانا ہے تا کہ عوام کی فلاح پر خرچ کیا جاسکے۔

عمران خان نے کہا کہ عوام ہم سے روایتی طرز سیاست و حکومت کی امید نہیں رکھتے، اگر روایتی طرز حکومت اپنایا تو عوام ہمیں بھی غضب کا نشانہ بنائیں گے، عوام آپ کا طرزسیاست اور کردار دیکھیں گے اور اس کے مطابق ردعمل دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ حزب اختلاف کے پاس مولانا فضل الرحمان تو ہیں مگر اخلاقی و روحانی قوت سے محروم ہے آج اللہ نے آپ کو اخلاقی برتری دی ہے، آپ نے عوام کے پیسے کو اللہ کی امانت سمجھنا ہے  برطانیہ کی طرز پر ہر ہفتے بطور وزیر اعظم ایک گھنٹہ سوالات کے جواب دیا کروں گا ۔عمران خان نے کہا کہ سرمایہ اور ذہانت دونوں ہی خیبر پختونخوا سے نکل چکے تھے، ہم خیبر پختونخوا میں آئے تو 70 فیصد صنعتیں بند تھیں، اغواءبرائے تاوان ایک صنعت بن چکا تھا، وہاں کے عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں


مسلم لیگ ن کا 8اگست کو الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کا فیصلہ

مسلم لیگ ن کا 8اگست کو الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کا فیصلہ

لاہور :ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو دھاندلی شدہ مینڈیٹ دینے کی کوشش کی گئی ہے ، 8اگست کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے تمام سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ ہولڈرزشامل ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے الیکشن میں دھاندلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف حلقوں کا رزلٹ دو  دن تک روکا  گیا اور  کئی حلقوں میں فارم 45نہیں دیا،مسلم لیگ ن کے اجلاس میں دھاندلی سے متعلق تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائینگے۔

ان کا کہنا تھا عمران خان کو دھاندلی شدہ مینڈیٹ دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کو ہی وزارت عظمیٰ کیلئے نامز د کیا گیا ہے ۔ن لیگ دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کر جدو جہد جاری رکھے گی ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں


بیس ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود الیکشن کمیشن شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کرانے میں ناکام رہا, سینیٹر سراج الحق

بیس ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود الیکشن کمیشن شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کرانے میں ناکام رہا, سینیٹر سراج الحق

لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق نے المرکز اسلامی پشاور میں ہونے والے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی صوبائی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بیس ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود الیکشن کمیشن شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کرانے میں ناکام رہا ۔ الیکشن کا متنازعہ ہونا بڑی بدقسمتی ہے۔ الیکشن جیتنے والوں کو بھی ابھی تک اپنی کامیابی سراب دکھائی دے رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔ جماعت اسلامی ایک نظریاتی قوت ہے ہم پاکستان کو ایک اسلامی وفلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔جماعت اسلامی چترال سے کراچی تک ملک کے گلی کوچوں میں موجود ہے۔ ہم ملک میں جمہوری رویوں کا فروغ چاہتے ہیں تاکہ ملک میں جمہوریت پھل پھول سکے ۔ قومی یکجہتی اور ملکی استحکام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر آگے بڑھناہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پیش نظر اصلاح معاشرہ کا وہ عظیم کام ہے جس کے لیے تمام انبیاء ؑ آئے ۔ اصلاح معاشرہ کے لیے فرد کی اصلاح ضروری ہے ۔ ہم دعوت الی اللہ کے اس عظیم مقصد کے لیے شہروں ، گوٹھوں اور دیہاتوں تک پہنچیں گے اور عوام کو قیام پاکستان کے اصل مقصد سے روشناس کروائیں گے ۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کے پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر ، صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور صوبائی شوریٰ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے ۔ 


پنجاب میں تحریک انصاف کو خواتین کی 34 مخصوص اور 5 اقلیتی نشستیں ملنے کا امکان

پنجاب میں تحریک انصاف کو خواتین کی 34 مخصوص اور 5 اقلیتی نشستیں ملنے کا امکان

لاہور:پاکستان تحریک انصاف پنجاب میں حکومت سازی کے حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے اسے مطلوبہ نومنتخب اراکین کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔

تحریک انصاف کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے 8 اراکین کے علاوہ اب تک 22 آزاد امیدوار بھی پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں، جس کے بعد 297 جنرل نشستوں کی اسمبلی میں اس کے اراکین کی تعداد 153 ہوگئی ہے۔تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے 22 آزاد امیدواروں میں راجہ صغیر احمد (پی پی 7)، سید سعیدالحسن (پی پی 46)، محمد اجمل چیمہ (پی پی 97)، غلام رسول سَنگھا (پی پی 83)، امیر محمد خان (پی پی 89)، سعید اکبر خان (پی پی 1)، خاور شاہ (پی پی 203)، محمد عمر فاروق (پی پی 106)، فیصل حیات (پی پی 125)، حسین جہاں گردیزی (پی پی 204)، شیخ سلمان نعیم (پی پی 217)، فدا حسین (پی پی 237)، شوکت لالیکا (پی پی 238)، سردار عبد الحئی دستی (پی پی 270)، باسط بخاری (پی پی 272)، خرم لغاری (پی پی 275)، طاہر محمود رندھاوا (پی پی 282)، سید رفیق علی گیلانی (پی پی 284)، محمد حنیف پتافی (پی پی 289)، تیمور لالی (پی پی 93)، رائے تیمور بھٹی (پی پی 124) اور مہر اسلم بھروانا (پی پی 127) شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کل 371 اراکین پر مشتمل ایوان میں پی ٹی آئی کو خواتین کی 34 مخصوص اور 5 اقلیتی نشستیں بھی حاصل ہوں گی، جس کے بعد وہ مجموعی طور پر 192 اراکین کے ساتھ صوبے میں حکومت بنائے گی۔ذرائع نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان حکومت کے پہلے 30، 90 اور 100 دنوں کی پارٹی پالیسی سازی سے متعلق بات چیت میں مصروف ہیں۔تاہم پارٹی کے ایک رہنما نے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا معاملہ اب تک زیر بحث نہیں آیا اور پارٹی تمام آپشنز پر غور کر رہی ہے-

اب تک صوبے کے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ نہ ہونے کے باعث امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہر امیدوار اپنے لیے لابنگ کر رہا ہے۔پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے لیے علیم خان،، ڈاکٹر یاسمین راشد، فواد چوہدری، میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید اور یاسر ہمایوں کے نام زیر غور ہیں۔
 
 
 


مسلم لیگ ن میں جلد فارورڈ بلاک بننے والا ہے, شیخ رشید

مسلم لیگ ن میں جلد فارورڈ بلاک بننے والا ہے, شیخ رشید

اسلام آباد :سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید  نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں جلد فارورڈ بلاک بننے والا ہے،عمران خان وقت کی اہم ضرورت ہیں، وہ ملک کی تقدیر بدلنا چاہتےہیں - عمران خان ابھی وزیر اعظم بنے نہیں اور مخالف سیاسی پارٹیوں نے رونا شروع کر دیا ،عمران خان ملک کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق، شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا  کہ مسلم لیگ ن کا بُرا حال ہو چکا ہے, بہت جلد مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بننے والا ہے- تحریک انصاف ملک کی بڑی سیاسی جماعت بن کر اُبھری ہے، پی ٹی آئی نے دو صوبوں میں تنہا شکست دی ہے۔ اگر اپوزیشن جماعتوں نے رکاوٹ ڈالنے  کی کوشش کی تو جمہوریت کو نقصان ہو گا۔

وفاقی کابینہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ امید ہے پیر کو وفاقی کابینہ کا فیصلہ ہو جائے گا،عمران خان ایک نئے ویژن کے ساتھ ملک کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں، اپوزیشن رہنماﺅں نے اگر رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو جمہوریت کو نقصان ہوگا۔ شیخ رشید کو وفاقی کابینہ میں اہم عہدہ ملنے کی بھی اطلاعات ہیں۔


خیبرپختونخواہ اسمبلی کے آزاد رکن اسمبلی پاکستان مسلم لیگ میں شامل

خیبرپختونخواہ اسمبلی کے آزاد رکن اسمبلی پاکستان مسلم لیگ میں شامل

لاہور: خیبر پختونخواہ اسمبلی کے نومنتخب آزاد رکن مفتی عبیدالرحمن نے وفد کے ہمراہ  ق لیگ کےصدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق اس موقع پر ایم این اے طارق بشیر چیمہ،  ایم این اے حسین الٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا بھی موجود تھے جبکہ وفد میں ضلعی صدر کے پی کے محبوب اللہ جان،  ڈاکٹر محمد حنیف،  ملک شہباز،  ملک محمد افضل،  نورالحسن، عبدالرحمن، محمد قاضی، غلام علی اور دیگر معزز شخصیات بھی شامل تھیں۔ نومنتخب رکن مفتی عبیدالرحمن نے کہا کہ پاکستان میں چودھری صاحبان کا بڑا مقام ہے، ان کا گھرانہ مذہبی گھرانہ ہے، خاندان کی رواداری کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مرکز اور پنجاب کے بعد خیبرپختونخواہ میں بھی ہماری پارٹی تحریک انصاف کو سپورٹ کرے گی، سیاست میں لوگ آتے جاتے رہتے ہیں، مگر ہم اپنے ساتھیوں کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑتے۔ چودھری شجاعت حسین نے مفتی عبیدالرحمن کو کے پی کے اسمبلی میں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیا۔ 

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہمارا گھرانہ اندر اور باہر سے مذہبی ہے لہٰذا ملک کی سلامتی کیلئے ہم اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ کی سلامتی و بقا اور مسلم لیگ کی ترقی کیلئے دعائے خیر کروائی گئی-